سندھ : (جیو ڈیسک)جئے سندھ قومی محاذ آج بشیر قریشی کی میڈیکل رپورٹ پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے سندھ میں ہڑتال کر رہی ہے۔ ہڑتال کی کال پر آج کئی علاقوں میں میٹرک کے پرچے ملتوی کردیئے گئے۔جئے سندھ قومی محاذ نے بشیر خان قریشی کی لاڑکانہ کے چانڈ کا اسپتال میں ہونے والے پوسٹ مارٹم کو مسترد کردیا اور مطالبہ کیا ہے کہ پوسٹ مارٹم اور نمونوں کا ٹیسٹ کراچی کے نجی اسپتال سے کرایا جائے۔ حیدر آباد، میرپور خاص، سکھر اور لاڑکانہ کے میٹرک بورڈز نے آج ہونے والے پرچے ملتوی کردیئے۔
ادھر حیدرآباد، نوابشاہ، لاڑکانہ سمیت اندرون سندھ مختلف علاقوں میں نامعلوم افراد نے ہوائی فائرنگ کی۔خیرپور میں کریکر دھماکے ہوئے جبکہ ایک ٹرالر کو آگ لگادی گئی۔کوٹری کے قریب نامعلوم افراد نے ریلوے اسٹیشن پر کھڑی ٹرین کی دوبوگیوں کو آگ لگا دی۔ حیدرآباد میں حالی روڈ اور سبزی منڈی چوک پر مسلح افراد نے فائرنگ کرکے دکانیں بند کرادیں۔ حیدر آباد ریلوے اسٹیشن پر پولیس اور رینجرز اہلکار تعینات کردیئے گئے ہیں۔ نامعلوم افراد نے قاسم آباد اور بائی پاس کے علاقوں میں شدید ہوائی فائرنگ کی۔
سکھر میں مشتعل افراد نے مختلف شاہراوں پر ٹائر نذر آتش کیے اور ہوائی فائرنگ بھی کی۔ لاڑکانہ میں فائرنگ سے دو افراد زخمی ہوئے۔ خیرپور کے مختلف علاقوں میں کریکرز کے دھماکے اور ہوائی فائرنگ کی گئی۔ نامعلوم افراد نے قومی شاہراہ پر ایک ٹرالر کو نذر آتش کر دیا گیا۔پولیس نے ہنگاموں کے الزام میں جسقم کے ضلعی صدر سمیت چار افراد کو حراست میں لے لیا۔ نوابشاہ کے مختلف علاقوں ،سکرنڈ بائی پاس پر بھی نامعلوم افراد نے فائرنگ کی اور ایک ٹرک کو آگ لگا دی۔