نئی دلی(جیوڈیسک)پاکستان کے سابق کپتان جاوید میانداد کو تیسرے ون ڈے کے لیے بھارتی حکومت نے ویزا جاری کر دیا، ہندو انتہا پسند تنظیم کی مذمت کرنے پر بھارتی وزیر خارجہ نے اسے حکومتی اقدام قرار دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد کو چھ جنوری کو نئی دلی میں کھیلے جانیوالے تیسرے ون ڈے کے لئے ویزا جاری کر دیا گیا ہے۔ بھارتی ٹی وی کا کہنا ہے کہ کانگرس اور بی جے پی کے ارکان نے جاوید میانداد کی دائود ابراہیم سے رشتہ داری پر تحفظات کا اظہار کیا تھا لیکن بھارتی وزارت خارجہ نے سابق کرکٹر کو پاکستان کرکٹ بورڈ کا اعلی عہدیدار ہونے کی وجہ سے ویزا جاری کر دیا ہے تاہم ہندو انتہا پسند تنظیم شیو سینا کی جانب سے لیجنڈری بیٹسمین کو ویزا دینے کی مذمت کی گئی ہے۔
بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید نے تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سابق کرکٹر کو تمام قواعد و ضوابط پورا کرنے کے بعد جاری کیا گیا ہے۔ انہوں نے جاوید میانداد کو ویزا جاری کرنے کا فیصلہ حکومت کا اندرونی معاملہ ہے جس پر دوسری پارٹیوں کے ممبران کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔