مسلم لیگ ن کے سابق رہنما مخدوم جاوید ہاشمی نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور کارکنوں نے کراچی ایئرپورٹ پر جاوید ہاشمی کا استقبال کیا۔ جاوید ہاشمی کے ہمراہ ن لیگ کے مستعفی رکن پنجاب اسمبلی بھی تھے۔ ایئرپورٹ لانچ میں عمران خان اور جاوید ہاشمی کے درمیان ملاقات بھی ہوئی۔ جاوید ہاشمی کو کراچی جانے سے روکنے کیلئے صبح سویرے ہی ن لیگ کے کارکن ان کی رہائش گاہ پر پہنچ گئے تھے۔ کارکنوں نے جاوید ہاشمی کو منانے کی کوشش کی اور ان کی گاڑی کے سامنا دھرنا بھی دیا۔ تاہم جاوید ہاشمی ایئرپورٹ پہنچنے میں کامیاب رہے۔ جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ کارکنوں کے لیئے ان کے گھر کے دروازے کھلے ہیں۔ ایئرپورٹ پر گفتگو میں جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ وہ نظریاتی طور پر تحریک انصاف سے ہم آہنگی رکھتے ہیں اس لیے اس میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں کسی عہدے کی طلب ہے نہ کسی سیاسی منصب کی خواہش ہے۔ میرے طویل سیاسی سفرمیں مجھے کئی مرتبہ بڑے عہدوں کی پیشکشیں ہوئیں مگرنے انہیں کبھی قبول نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن چھوڑنے پر وہ غمزدہ ہیں لیکن ملکی مفاد مقدم ہے۔