جاپان : (جیو ڈیسک) امریکہ اور جاپان جزیرہ اوکیناوا پر تعینات ہزاروں امریکی فوجیوں کی منتقلی کے معاہدے پر متفق ہوگئے ہیں۔اس بات کا اعلان مریکہ اور جاپان کی جانب سے جاری ہونے والے مشترکہ بیان میں کیا گیا۔ بیان کے مطابق اس معاہدے کے تحت نو ہزار میرینز کو جاپان سے باہر مقامات پر بھیجا جائے گا جبکہ دس ہزار کے قریب فوجی جزیرے پر ہی تعینات رہیں گے۔
یہ نظرِ ثانی شدہ معاہدہ جاپانی وزیراعظم یوشی ہیکو نوڈا کے دور امریکہ سے قبل سامنے آیا ہے تاہم جاپان اور امریکہ تاحال اوکیناوا میں قائم متنازع فوٹینما فوجی اڈے کی بندش پر متفق نہیں ہو سکے ہیں۔ اوکیناوا سے منتقل کیے جانے والے امریکی فوجی گوام، ہوائی اور مشرقِ بعید کے خطے میں تعینات کیے جائیں گے۔