جعلی مقدمہ کے اندراج کے خلاف درجنوں افراد کا احتجاج
Posted on May 17, 2012 By Geo Urdu گجرات
گجرات : جعلی مقدمہ کے اندراج کے خلاف درجنوں افراد کا احتجاج ، تفصیلات کے مطابق درجنوں خواتین اور مرد حضرات نے گزشتہ روز آر پی او گوجرانوالہ ریجنل کے آفس کے باہر سی آئی اے سٹاف گجرات سٹی کے انچارج بابر بٹ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ، اور اپنا بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے کہا کہ بابر بٹ نے اپنے عہدے کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے ذاتی رنجش کی بناء پر پولیس تھانہ سول لائن میں مقدمہ نمبر 366/12درج کروایا ہے ، جو کہ سراسر جھوٹا ہے ، اس سلسلہ میں آر پی او نے ڈی پی او گجرات کو انکوائری کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں ، ڈی پی او کی ہدایت پر ڈی ایس پی سٹی سرکل سید غلام مصطفی گیلانی نے گزشتہ روز مقدمہ کی انکوائری کی جس میں متعدد افراد نے قرآن پر حلف دیا کہ مقدمہ جھوٹ کی بناء پر مبنی ہے اور یہ ذاتی رنجش کی بناء پر قائم کیا گیا ہے ، جبکہ سی آئی اے سٹاف اور پولیس تھانہ سول لائن کے افسران و تفتیشی بھی موقع پر موجود تھے ، ملزمان کے اہلخانہ کا کہنا تھا کہ پولیس شریف شہریوں پر جھوٹے مقدمے درج کر رہی ہے ، اور ہم انصاف کے حصول کیلئے در بدر کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں ، اگر پولیس افسران قرآن پر حلف دے دیں کہ جو مقدمہ درج کیا گیا ہے وہ حقیقت پر مبنی ہے تو ہم اسے قبول کر لیں گے ، گجرات کو ایک سازش کے تحت پولیس گردی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ، اور شریف شہریوں کو بلا وجہ متعدد جھوٹے مقدمات میں الجھا کر رکھ دیا گیا ہے جو کہ سیاسی آقائوں کو خوش کرنے کیلئے کیا جا رہا ہے ،۔