حالیہ ایکشن سے دہشتگرد بوکھلا گئے ہیں۔ رحمان ملک

Rehman Malik

Rehman Malik

اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کراچی میں ایس ایس پی سی آئی ڈی کی رہائشگاہ پر خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ ایکشن سے دہشتگرد بوکھلا گئے ہیں، وہ یہ بات سمجھ لیں کہ ان کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ وزارت داخلہ سے جاری ایک بیان میں وفاقی وزیر داخلہ نے کراچی میں چودھری اسلم کی رہائشگاہ پر خودکش حملے کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ایسے بزدلانہ حملے کرنے والوں کو ان کے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کو غیر مستحکم کرنے والے دہشتگرد یہ بات سمجھ لیں کہ ان کے خلاف پولیس، رینجرز اور ایف سی اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چودھری اسلم ایک بہادر پولیس افسر ہیں اور ایسے افسر پوری قوم کا سرمایہ ہوتے ہیں۔ رحمان ملک نے کہا ہے کہ دہشتگرد اپنے خلاف ہونے والے حالیہ ایکشن سے بوکھلا کر اس طرح کی بزدلانہ کارروائیاں کر رہے ہیں،سی آئی ڈی ان کے خلاف کارروائی جاری رکھے گی اور چودھری اسلم کی رہائشگاہ پر خودکش حملہ کرنے والے دہشتگردوں تک ہر صورت پہنچا جائے گا۔