افغانستان میں اپنے سفارتخانے پر حملے پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے امریکہ نے کہا ہے کہ حملہ کرنے والے حقانی نیٹ ورک کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی، پاکستان سے امریکی فورسز پر حملوں کی اجازت نہیں دیں گے. امریکی وزیر دفاع لیون پنیٹا نے سان فرانسسکو جاتے ہوئے دوران پرواز صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ اپنی فورسز کے دفاع کیلئے ہر اقدام کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حقانی نیٹ ورک کے ارکان حملے کرکے واپس پاکستان اپنی محفوظ پناہ گاہوں میں چلے جاتے ہیں، یہ صورتحال ناقابل قبول ہے۔ پینیٹا کے مطابق وہ یہ نہیں بتاسکتے کہ ان حملوں کا جواب کس طرح دیا جائے گا تاہم ایسے حملے کسی صورت برداشت نہیں کئے جائیں گے۔ ان کے مطابق پاکستان کو کہ چکے ہیں کہ حقانی نیٹ ورک کے حملے روکنے کیلئے اپنا اثرورسوخ استعمال کرے تاہم اس ضمن میں زیادہ پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔ پینیٹا کے مطابق اس طرح کے حملوں سے طالبان کی جھنجھلاہٹ محسوس ہورہی ہے، اب وہ بڑے پیمانے پر حملے نہیں کرسکتے۔