ُپاکستان: (جیو ڈیسک) حسین حقانی نے میمو اسکینڈل کے اہم کردار منصور اعجاز اور دیگر شخصیات کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے لیئے امریکی وکلا کی خدمات حاصل کرلیں۔ حسین حقانی نے مشہور امریکی وکلا اسٹیون بارنٹزن اور آر کینلی ویبسٹر کی میمو کیس میں خدمات حاصل کی ہیں جو اس کیس میں منصور اعجاز سمیت دیگر افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے۔
حسین حقانی کا موقف ہے کہ میمو جھوٹ کا پلندہ ہے جس کی وجہ سے انھیں سفیر کے عہدے سے استعفی اور عدالتی کمیشن کا سامنا کرنا پڑا جس سے ان کی ساکھ متاثرہوئی ہے ۔ انہوں نے منصور اعجاز کے بیان کردہ میمو سے بھرپور طور پر لاعلمی کا اظہار کیا ۔ حسین حقانی نے یہ دونوں امریکی وکلاء دسمبر دو ہزار گیار میں نیوز ویک میں شائع ہونے والے ایک آرٹیکل سے ہونے والے نقصان کا اندازہ لگانے کے لیئے مقرر کیئے تھے۔ نیوز ویک کے آرٹیکل میں منصور اعجاز نے دعوی کیا تھا کہ حسین حقانی کو اسامہ آپریشن کا پہلے سے علم تھا۔