چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف ایڈمرل مائیک مولن نے الزام عائد کیا ہے کہ کابل میں امریکی سفارتخانے پر حملہ کرنے والے حقانی گروپ کو پاکستانی ایجنسی آئی ایس آئی کی مدد حاصل تھی ، حقانی گروپ ہی آئی ایس آئی کی اصل قوت ہے۔ امریکی سینٹ کی ایک کمیٹی کے سامنے اپنے بیان مائیک مولن نے مزید الزام عائد کیا کہ افغانستان میں ہونے والی دہشت گردی میں پاکستان ملوث ہے اورگیارہ ستمبر کو کابل میں امریکی سفارتخانے پر خود کش ٹرک حملے میں حقانی گروپ ملوث ہے جسے پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کی بھر پور مدد حاصل ہے ۔ اٹھائیس جون کو انٹر کانٹی نینٹل ہوٹل پر حملے کے علاوہ دیگر چھوٹے مگر موثر حملوں میں بھی حقانی گروپ کا ہاتھ ہے جس کے انٹیلی جنس ثبوت بھی موجود ہیں۔ مائیک مولن نے کہا کہ انتہا پسندانہ اور خون خرابے کی پالیسی نے نہ صر ف پاکستان کی عالمی سطح پر شدید متاثر ہوئی ہے بلکہ اس کی معیشت بھی زبوں حالی کا شکار ہے ۔انہوں نے کہا کہ آئی ایس آئی کے اقدام سے نہ صرف پاک امریکا عسکری شراکت داری کو شدید نقصان پہنچایا بلکہ پاکستان کے ہاتھ سے خطے میں اپنے اثر رسوخ کا موقع بھی نکل گیا۔