امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ سلالہ چیک پوسٹ واقعہ کی رپورٹ پر قائم ہیں، رپورٹ تحقیقات کے بعد مرتب کی گئی۔ تعلقات کی بحالی کا فیصلہ اب پاکستان کو کرنا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان وکٹوریہ نولینڈ نے میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ سلالہ چیک پوسٹ پر حملے کی رپورٹ حقائق کو مدنظر رکھ کر مرتب کی گئی۔ رپورٹ سے پاکستان کی سول اورعسکری قیادت کو آگاہ کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مزید وقت دینا چاہتے ہیں کہ وہ خود تحقیقات کرے اور پھر تعاون جاری رکھے یا تعلقات کا ازسر نو جائزہ لے۔ امریکا کی خواہش ہے کہ معاملات کو چھوڑ کر آگے بڑھنا چاہیئے۔ وکٹوریہ نولینڈ نے کہا کہ مارک گراسمین قطر میں طالبان دفتر سے متعلق مذاکرات کررہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ دفتر کھولنے سے پہلے طالبان کو تشدد ترک کرنے کا با ضابطہ اعلان کرنا ہوگا۔