دبئی(طاہر منیر طاہر)پاکستان تحریک انصاف یواے ای کے رہنماء چوہدری امجد اقبال امجد نے کہا ہے کہ پاکستان کی موجودہ حکومت ‘کمزور اپوزیشن کا فائدہ اٹھاکر نہ صرف اندرون ملک عوام پر ظلم ڈھا رہی ہے بلکہ اب اس سے سمندر پار پاکستانی بھی محفوظ نہیں رہے ہیں انہوں نے انٹرنیشنل کالز پرٹیکس کی مد میں حالیہ 500فی صد اضافہ کرکے بیرون ملک برسر روزگار افراد کے ساتھ زیادتی کی ہے ‘اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف بیرون ملک مقیم اپنے عوا م کی قدر کرتی ہے کیونکہ ان کے باعث ہمارے ملک کی معیشت کو استحکا م ملا ہے اور حکومت کی کوشش ہونی چاہیے کہ ان کے ویلفیئر کے لیے زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کیں جائیں نہ کہ ان کو بے جا تنگ کیا جائے۔
چوہدری امجد اقبال امجد نے کہا کہ پی پی پی حکومت دراصل یہ تمام غیرانسانی غیرقانونی اور کمیونٹی کے خلاف فیصلے انتہائی بے بس اور کمزور اپوزیشن کے بل بوتے پر کررہی ہے ملک میں اپوزیشن کا کوئی کردار نہ ہونے کے باعث غیر آئینی اور عوام مخالف اقدامات کو فروغ مل رہا ہے ۔انہوں نے اپنے مذمتی بیان میں مطالبہ کیا کہ بیرون ملک مقیم پر ظلم و ستم کا سلسلہ بند کیا جائے اور اضافی ٹیکسوں کا فیصلہ واپس لیا جائے ساتھ ہی انٹرنیشنل کالز پر ریٹس میں بھی کمی لائی جائے۔