حکومتی کمیٹی کی طالبان شوری سے ملاقات موخر

Taliban shura

Taliban shura

اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومتی کمیٹی اور طالبان رابطہ کار کمیٹی کی طالبان شوری کے درمیان آج طے شدہ ملاقات خراب موسم کی وجہ سے ملتوی کردی گئی۔ امکان ہے کہ کمیٹی کل روانہ ہوگی۔ حکومتی کمیٹی اور طالبان شوری کا آج پہلی بار آمنا سامنا ہونا تھا۔ مگر خراب موسم پہلی براہ راست ملاقات میں رکاوٹ بن گیا اور حکومتی کمیٹی سفر پر روانہ نہ ہوسکی۔

طالبان رابطہ کار کمیٹی نے بھی حکومتی کمیٹی کے ساتھ شریک سفر ہونا تھا، اس کے رکن پروفیسر ابراہیم کا کہنا ہے وہ زمینی راستوں سے جانے کیلیے بھی تیار ہیں تاہم تمام ارکان کے لیے یہ مناسب نہیں ، جوں ہی موسم بہتر ہوگا، کمیٹی دوبارہ طالبان شوری سے ملاقات کے لیے جائیگی۔

حکومتی کمیٹی نے گزشتہ روز اپنی حکمت عملی تیار کرلی تھی ، اور وزیرداخلہ سے ان کی ملاقا ت میں ڈی جی آئی ایس آئی بھی شریک ہوئے تھے، پروفیسر ابراہیم کا کہنا ہے کہ ملاقات کا ایجنڈا طالبان سے ملاقات کے موقع پر ہی طے کیا جائے گا۔ اس موقع پر میڈیا میں کوئی بھی بات ظاہر کرنا مناسب نہیں ہوگا۔