اسلام آباد : وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ خارجہ پالیسی اب فرد واحد نہیں بلکہ منتخب پارلیمان بنائے گی۔ اسلام آباد میں یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان کی افغان پالیسی پر بھی کئی سوالیہ نشان ہیں کیونکہ وہ ایک آمر نے بنائی تھی۔ ان کا کہنا تھا وہ دن گئے جب ایک شخص بیٹھ کر خارجہ پالیسی بناتا تھا۔ اب ملک کی پارلیمنٹ منتخب نمائندوں کے ذریعے خارجہ پالیسی بنائے گی۔ وزیر اعظم گیلانی نے کہا پرویز مشرف کو امریکا کے انڈر سیکریٹری نے فون کیا تو وہ دھڑام سے گر گئے۔ جس کا خیمازیہ اب تک پورا ملک بھگت رہاہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کو پسندیدہ ملک قرار دینے کا مطلب یہ نہیں ہم اپنے قومی مفادات کا تحفظ نہیں کریں گے۔ انھوں نے انکشاف کیا کہ بھارت کے وزیراعظم دو طرفہ امور اور تجارت پر بات چیت سے پہلے چینی وزیراعظم سے مشاورت کی گئی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا پاکستان مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پر عزم ہے۔ اور وہ ماضی کی طرح کشمیری عوام کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔