خسرہ پر قابو نہ پایا جاسکا، ملک بھر میں ہلاکتیں 327 تک پہنچ گئیں

Measles Death

Measles Death

کراچی(جیوڈیسک) خسرہ نے آج سندھ میں مزید 12ماں کی گود اجاڑ دی۔موذی مرض سے ملک بھر میں جاں بحق ہونے والے بچوں کی تعداد تین سو ستائیس تک جا پہنچی ہے۔

اندرون سندھ پھوٹنے والی خسرے کی وباء اب ملک کے چاروں کونوں میں پھیل چکی ہے۔ سکھر میں آج بھی دو بچے مہلک مرض کی نذر ہوگئے جس کے بعد یہاں جاں بحق بچوں کی تعداد 74 ہوگئی۔ کندھکوٹ میں اب تک 123بچے موت کی وادی میں اتر چکے ہیں۔ شکار پورمیں آج 4 بچوں کی ہلاکت کے بعد یہاں جاں بحق بچوں کی تعداد 24 ہوگئی۔ گھوٹکی میں بھی چار بچے جان کی بازی ہار گئے۔

یہاں ہلاکتوں کی تعداد 30 تک جاپہنچی ۔ خیر پور میں پینتیس بچے دنیا سے رخصت ہوگئے۔ لاڑکانہ اور ٹھل میں آٹھ ، آٹھ بچے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ نوشہرو فیروز، جیکب آباد، حیدر آباد، دادو اور نواب شاہ میں بھی 12 بچے ہلاک ہوئے۔ خسرے کی وباء نے بلوچستان کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ پشین میں تین جبکہ قلعہ سیف اللہ میں دو بچے جاں بحق ہوئے ہیں۔

مہمند ایجنسی کے علاقوں سلطان خیل اورغازی کور میں بھی ایک ہفتے کے دوران 2 بچے جاں بحق ہوئے۔ پنگریو، جامشورو، مورو، ٹھٹھہ کے علاوہ پنجاب کے علاقے چنی گوٹھ میں بھی ایک، ایک بچہ اس موذی مرض کی نذر ہوگیا ہے۔