مسلم لیگ ن کے سربراہ نواز شریف نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ خفیہ معاہدوں کے خاتمے کیلئے حکومت اور فوج کی مدد کو تیار ہیں، پارلیمنٹ میں بات نہیں بنی اس لئے سپریم کورٹ گئے وہاں کسی کو غدار نہیں کہا۔ ایبٹ آباد میں پیر صابر شاہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ وہ کسی سے دشمنی یا عداوت پر نہیں بلکہ قومی فریضہ کے مطابق سپریم کورٹ گئے کیونکہ ملک کے خلاف سازشیں ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک پستی کی جانب جارہا ہے، ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے، موجودہ حکومت نے ملک اور اس کے عوام کا کوئی مسئلہ حل نہیں کیا،یہ مشرف کی پالیسیوں کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ نواز شریف نے کہاکہ ملک میں نئی ایسٹ انڈیا کمپنی کھولنے کی اجازت نہیں دی جائے گی انہوں نے کہاکہ میمو کیس کیس گزشتہ روز سماعت کے بعد حکومتی پریس کانفرنس جھوٹ کا پلندہ تھیں۔ میثاق جمہوریت پر عمل نہ ہونے کی وجہ این آر او ہے، اہم ایشوز پر موجودہ پارلیمنٹ اپنا کردار ادا کرنے میں ناکام رہی ہے ۔