خواتین تعلیمی میدان میں آگے بڑھ رہی ہیں: فردوس عاشق اعوان
Posted on May 1, 2012 By Geo Urdu گجرات
گجرات: خواتین تعلیمی میدان میں آگے بڑھ رہی ہیں ، وہ معاشرے پر اب بوجھ نہیں ، پاکستان خطہ میں اہم ترین اور محفوظ ملک ہے ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر فردوس عاشق اعوان نے مسلم ہینڈز انٹرنیشنل کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، انہوںنے کہا کہ اولاد نرینہ کے بغیر بھی شریعت اور وراثت چل سکتی ہے ، بیٹے کی خواہش میں دس دس شادیاں کر کے پاکستان کی آبادی 200ملین تک لے گئے ہیں ، بیٹا اہم ہوتا تو حضرت محمد مصطفی ۖ کا بیٹا حیات ہوتا ، ہمیں اپنی سوچ کو اب تبدیل کرنے کی ضرورت ہے ، غیر ملکی اداروں کی پاکستان میں آمد سے یہ اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ پاکستان محفوظ ترین ملک ہے ، جغرافیائی لہٰذا سے پاکستان خطہ میں اہم ترین اہمیت کا حامل ہے ، پاکستان کو مختلف مسائل کا سامنا ہے ، ہمارے ادارے قدر کمزور ہیں ، اس لئے اداروں کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، اسلام تنگ نظر مذہب نہیں ، پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت عوام کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کو حل کرنے کیلئے کوشاں ہے عوام کے تعاون کے بغیر ملک میں تبدیلی نہیں آ سکتی ، پاکستان پیپلز پارٹی نے تھانہ کچہری کی سیاست اور انتقامی سیاست کا خاتمہ کیا ہے ، بعد ازاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم ہینڈز انٹرنیشنل کے چیئرمین سید لخت حسنین شاہ نے کہا ہے کہ میں وزیرآباد کے نواحی علاقہ سوہدرہ میں پیدا ہوا اور دینی تعلیمی حاصل کرنے کے بعد برطانیہ میں جا کر سکونت اختیار کرنے کے بعد ایک چھوٹے سے کمرے سے تعلیمی انقلاب برپا کرنے کیلئے کام شروع کیا جو کہ آج دنیا کے 36ممالک تک پھیل چکا ہے ، اور تنظیم کا دائرہ کار دنیا کے 50ممالک میں پھیلا ہوا ہے ، میں یہ چاہتا ہوں کہ تعلیمی انقلاب لایا جائے تا کہ پڑھی لکھی قومیں ہی ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتی ہیں ، دنیا بھر میں آنے والی قدرتی آفات میں بھی میری تنظیم نے ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے اور عوام کی خدمت کی ہے ، تقریب کے اختتام پر ممبر اسلامی نظریاتی کونسل حکومت پاکستان صاحبزادہ سعید احمد شاہ گجراتی نے خصوصی دعا کروائی ، طلباء و اساتذہ میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے ۔