خیبر پختون خوا : (جیو ڈیسک) خیبر پختون خوا کا تین سو تین ارب روپے تخمینے کا بجٹ پیش کردیا گیا۔ وزیر خزانہ ہمایوں خان کا کہنا تھا ان کے صوبے کو بد ترین دہشت گردی کا سامنا رہا ۔ پانچواں بجٹ پیش کرنا جمہوریت کی فتح ہے۔دہشت گردی کا شکار خیبر پختون خوا کا بجٹ جس روز پیش کیا گیا اسی روز دہشت گردوں نے ایک بس کو نشانہ بنایا۔ دہشت گردی کے منڈلاتے بادلوں میں وزیر خزانہ خیبر پختون خوا ہمایوں خان نے بجٹ تقریر شروع کی تو اعلان کیا آئندہ مالی سال میں پولیس پرتئیس ارب پینتیس کروڑ روپے خرچ کیئے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا خیبر پختون خواہ کو تاریخ کی بد ترین دہشت گردی کا سامنا رہا۔ حکومت کا پانچواں بجٹ پیش کر نا جمہوریت کی فتح ہے۔
ہمایوں خان نے تعلیم کے لیئے بجٹ میں جی ڈی پی کا چار فی صد مختص کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔ خیبر پختونخوا میں پہلی بار جی ڈی پی کا چار فی صد تعلیم کے لیئے رکھا گیا ہے۔ ترقیاتی پرو گرام کیلئے تعلیم کے نوے منصوبے ہیں جن پر بارہ ارب اٹھارہ کروڑ روپے خرچ کیے جائینگے۔ آئندہ مالی سال میں صحت کیلئے دس ارب تینتیس کروڑ اور تعلیم کیلئے چھ ارب سات کروڑ رکھے گئے ہیں۔ صوبے میں پن بجلی کے منصوبوں کے لئے چھ ارب رکھے گئے۔
صوبائی وزیر خزانہ نے بتایا گندم پر سبسڈی کیلئے دو ارب پچاس کروڑ روپے اور سالانہ ترقیاتی پروگرام کیلئے مجموعی طور پرستانوے ارب پینتالیس کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا صو بے میں مزید تین ایف ایم ریڈیو اسٹیشن اور ایک ٹی وی اسٹیشن کا قیام عمل میں لایا جائیگا۔ محنت کشوں کے فلاح و بہبود کے تین منصو بوں کیلئے سات کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔