اسلام آباد : (جیو ڈیسک) نیٹو سپلائی کی بحالی کے خلاف دفاع پاکستان کا لانگ مارچ جاری ہے ، وزارت داخلہ نے اسلام آباد کیلئے سیکیورٹی پلان دے دیا ہے ،داخلی راستوں پر خاردار باڑ لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، مولانا سمیع الحق کہتے ہیں ہر صورت اسلام آباد جائیں گے لانگ مارچ اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہے۔
نیٹو سپلائی کی بحالی کے خلاف دفاع پاکستان کونسل کا لانگ مارچ لاہور سے اسلام آباد کی طرف رواں دواں ہے جس میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہے۔لانگ مارچ کی قیادت مولانا سمیع الحق ، منور حسن ، حافظ سعید ، شیخ رشید ، حمید گل کر رہے ہیں۔
روانگی سے پہلے مسجد شہدا میں قائدین نے نوافل اداکئے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا سمیع الحق نے کہا نیٹو سپلائی بند ہونے تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔ امیر جماعت اسلامی منور حسن نے کہا لوگ اسلامی انقلاب کے لئے گھروں سے کفن باندھ کے نکلے ہیں۔ شیخ رشید کا کہنا تھا عوام پارٹی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر لانگ مارچ میں شریک ہوں۔
دو روزہ لانگ مارچ شاہدرہ ، مریدکے ، کامونکی ، گوجرانوالہ ، وزیرآباد سے ہوتا ہوا آج رات گجرات پہنچے گا جہاں رات قیام کے بعدکل صبح دوبارہ لانگ مارچ کے شرکا لالہ موسی ، کھاریاں ، سرائے عالمگیر اور مری روڈ راولپنڈی سے ہوتے ہوئے اسلام آباد میں داخل ہوں گے۔