سکھر : (جیو ڈیسک)وفاقی وزیر ومذہبی امور سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ حکومت سرکاری ملازمین کے حوالے سے جلد ایک آرڈیننس لارہی ہے جبکہ دو سرکاری ملازمتیں رکھنے والے شخص کو چھ ماہ کی سزا اور ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے۔سکھر ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ایک لاکھ سے زائد سرکاری ملازمین دو دو نوکریاں کررہے ہیں جو غیر قانونی ہے اور ان کیخلاف کارروائی کی جائے گی جبکہ جو سرکاری ملازم خود ہی اپنی دوسری ملازمت سرینڈر کردے گا تو اس کیخلاف کارروائی نہیں ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے حکومت میں آکر لاکھوں بیروزگاروں کو نوکریاں دی ہیں اور آگے بھی دیتی رہے گی اور این سی ایچ ڈی سمیت تمام سرکاری محکموں کے ملازمین کو ریگولرائز کیا جائیگا۔ دوسری جانب وفاقی وزیر کی آمد پر این سی ایچ ڈی کے ملازمین کی جانب سے احتجاج بھی کیا گیا۔