دوران برسات مرکز شکایات پرعلاقائی مسائل کے حوالے سے موصول ہونے والی عوامی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے

کراچی (ارشد محمد) رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا ہے کہ مزید متوقع مون سون برسات کے پیش نظر بلدیاتی اداروے علاقائی مسائل کے بروقت حل کے حوالے سے ہنگامی اقدامات پر عمل درآمد کے لئے لائحہ عمل ترتیب دے کر رین ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے حوالے سے تمام تر انتظامات مکمل کئے جائیں دوران برسات عوامی سہولتوں کی فراہمی اور علاقائی مسائل کے حل کے حوالے سے عوامی شکایات کے بروقت ازالے کے لئے مرکز شکایات کو فعال رکھا جائے ، برسات کے بعد پیدا ہونے والے مکھی مچھروں اور دیگر حشرات الارض کے خاتمے کے لئے جراثیم کش ادویات کا اسپرے گلیوں اور محلوں کی سطح پر تواتر کے ساتھ انجام دینے کے حوالے سے قبل ازوقت انتظامات کئے جائیں۔

ان خیالات کا اظہار رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے ٹاؤن میونسپل ایڈمنسٹریشن شاہ فیصل کی جانب سے رین ایمرجنسی پلان پر عمل درآمد کے حوالے سے جاری انتظامات کے جائزے کے لئے شاہ فیصل کالونی کا تفصیلی دور ے کے موقع پر متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کیا ۔انہوں نے بلدیاتی اداروں کے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ دوران برسات علاقائی مسائل کے حل اور عوامی شکایات کے ازالے کے حوالے سے برق رفتاری کے ساتھ فرائض کی انجام دہی کو یقینی بنا ئی جائے دورے کے موقع پر ٹی ایم اے شاہ فیصل کے جانب سے رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری کو رکن ایمرجنسی پلان پر عمل درآمد کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا گیا۔
کہ رین ایمرجنسی کے نفاذ کے ساتھ شاہ فیصل ٹاؤن میں تمام افسران و عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں ہیں ہفتہ اور اتوار کو تعطیل کے باوجود شاہ فیصل ٹائون کے تمام دفاتر معمول کے مطابق کھلے رہے اور عملہ رین ایمرجنسی انتظامات پر عمل درآمد کے لئے اپنی فرائض کی انجام دہی کو یقینی بنا تا رہا ۔

رکن صوبائی اسمبلی کو بتا یا گیا کہ دوران برسات اور برسات کے بعد صحت مند ماحول کا قیام یقینی بنا نے کے لئے دوران برسات برساتی پانی کی باآسانی نکاسی کے ساتھ صفائی وستھرائی کے انتظامات معمول کے مطابق انجام دیئے جارہے ہیں ،ڈینگی وائرس سے بچائو اور مکھی مچھروں کے خاتمے کے لئے بارش رکنے کے فوری بعد تمام علاقوں میں تواتر کے ساتھ جراثیم کش ادویات کے اسپرے کے حوالے سے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے جس پر فوری عمل درآمد کا آغاز کردیا جائے گا ۔