لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلی کے سینئر مشیر ذوالفقار خان کھوسہ نے اپنے بیٹے سیف الدین کے مقابلے میں انتخاب لڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسی جماعت میں کس طرح جا سکتے ہیں جس نے ایک باپ کو اس کے بیٹے سے جدا کر دیا۔
ایوان وزیر اعلی لاہور میں اپنے دو بیٹوں حسام الدین اور دوست محمد کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ذوالفقار خان کھوسہ کا کہنا تھا کہ سیف ان کا بیٹا ضرور ہے اور وہ اس کو اب دعا تو نہیں دے سکتے لیکن بدعا بھی نہیں دے رہے۔ ایک سوال کے جواب میں ذوالفقار خان کھوسہ کا کہنا تھا کہ شریکا بھائیوں میں نہیں ہوتا رشتہ داروں میں ہوتا ہے ان کے بیٹے نے کوئی غیرت کا ثبوت نہیں دیا لیکن وہ کبھی بھی لغاریوں سے ہاتھ نہیں ملائیں گے ان کا جینا مرنا مسلم لیگ ن کے ساتھ ہے۔
سابق وزیر اعلی دوست محمد خان کھوسہ نے بھی اس بات کا برملا اظہار کیا کہ میاں محمد نواز شریف سے ان کا کوئی اختلاف نہیں اور ماضی کی غلطیوں پر انہوں نے میاں محمد شہباز شریف سے معافی مانگ لی ہے۔
ذوالفقار خان کھوسہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے تمام بچوں کی جائز خواہشات کا ہمیشہ خیال رکھا لیکن اگر انکا کوئی بچہ غلطی کرے گا تو وہ ترازو پکڑ کر انصاف کرنے کے عادی ہیں۔ سیف جس کو الیکشن لڑانا چاہتے تھے ان کی غیرت اس بات کی اجازت نہیں دیتی تھی کہ ان کے گھر کی عزت باہر نکلے۔