راولپنڈی (جیوڈیسک) راولپنڈی میں ہونے والی شدید بارش نے نالہ لئی میں سیلابی صورتحال پیدا کر دی۔ پانی کی سطح 12 فٹ تک جا پہنچی۔راولپنڈی میں گزشتہ دو روز سے وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ شہر میں اب تک 78 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ شدید بارش کے باعث نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 10 فٹ جبکہ گوالمنڈی میں پانی کی سطح 12 فٹ تک پہنچ گئی۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے متعلقہ حکام کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ نالہ لئی میں پانی خطرے کے نشان تک پہنچنے کا امکان نہیں۔
شدید بارش کے باعث شہر کے نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہوگیا جس کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ موجودہ بارشوں کے سلسلے میں راولپنڈی شہر کی انتظامیہ بھی محصور ہو کر رہ گئی ہے۔ مری روڈ، آئی جے پی روڈ اور بینک روڈ پر شدید ٹریفک جام رہا۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بارش سے پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال میں نکاسی آب کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے۔