کراچی (جیوڈیسک) وزیر داخلہ رحمان ملک کی پیش گوئی سچ ثابت ہونے لگی۔ شہر قائد میں قتل و غارت گری کا سلسلہ ایک دم سے پھر تیز ہو گیا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں سے 6 لاشیں ملی ہیں۔رات 12 بجے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 7 ہو گئی۔
بلدیہ ٹاؤن سے تین افراد کی بوری بند لاشیں ملی ہیں جنہیں اغواء کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور پھر سر پر گولیاں مار کر لاشیں سڑک پر پھینک دی گئیں۔ مقتولین کی شناخت محمودآباد کے رہائشی عرفان، جمال اور امجد کے نام سے ہوئی ہے۔ اولڈ سٹی ایریا میں واقع ٹمبر مارکیٹ سے بھی ایک شخص کی ہاتھ پاں بندھی تشدد زدہ لاش ملی ہے۔اسے بھی اغوا کے بعد قتل کیا گی۔
علی الصبح عسکری پارک اور پاک کالونی سے بھی دو افراد کی لاشیں ملی ہیں۔ان کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔دوسری جانب لانڈھی حبیب گراؤنڈ میں 25 سالہ عمیر فائرنگ سیہلاک ہو گیا۔ واضح رہے کہ چند دن پہلے وزیر داخلہ رحمان ملک نے بیان دیا تھا کہ آئندہ ماہ کراچی میں قتل و غارت کا سلسلہ مزید تیز ہو جائے گا اور گزشتہ روز بھی انہوں نے اپنے بیان کا اعادہ کیا تھا۔