رعشہ والے پریشان نہ ہوں ، جدید چمچ کپکپاہٹ کنٹرول کرے گا

Spoon

Spoon

واشنگٹن (جیوڈیسک) کانپتے ہاتھوں کی وجہ سے کئی بار چمچ سے خوراک پلیٹ سے منہ تک لے جانا مشکل ہو جاتا ہے ، جب کہ رعشہ کی بیماری کے شکار افراد کے لیے ہاتھوں میں پائی جانے والی مستقل لغزش و لرزش ایک ایسا معاملہ ہوتا ہے۔

جو کبھی کبھی ان کے لیے انتہائی مشکلات اور بعض اوقات سخت شرمندگی کا باعث بن جاتی ہیں۔ حقیقت میں وہ سماجی سرگرمیوں سے کٹ کر رہ جاتے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ امریکا میں تقریباً ایک کروڑ افراد رعشے کی بیماری کا شکار ہیں۔

ماہرین کے مطابق اعصابی بیماری پارکنسنز سنڈروم رعشے کی ایک بڑی وجہ ہے ، جس سے بازو ، سر ، پلکیں اور دیگر اعضا کے پٹھے متاثر ہوتے ہیں ، تاہم ہاتھوں میں یہ لغزش بظاہر واضح دکھائی دیتی ہے۔ لفٹ لیبز نامی بائیو ٹیکنالوجی کی ایک کمپنی نے اسی تناظر میں لفٹ ویئر نامی ایک چمچ تیار کیا ہے ، جس کی ہتھی میں ایک خاص تکنیک استعمال کی گئی ہے۔

اس کے ہینڈل میں موجود سینسرز رعشے کو جانچ سکتے ہیں اور یہ چمچ خودکار طریقے سے انسانی لرزش کے مخالف سمت میں اسی قوت سے ارتعاش پیدا کر کے اس رعشے کو تقریباً ختم کر دیتا ہے۔ یعنی ہاتھ جس تیزی سے لرزش کرتے ہوئے بائیں سے دائیں اور دائیں سے بائیں جائے گا ، ٹھیک اسی تیزی سے یہ چمچ دائیں سے بائیں اور بائیں سے دائیں جا کر اس ارتعاش کا خاتمہ کر دے گا۔