روحیل اکبر کا عید کی آمد سے قبل ہی ملک بھر میں آنے والے مہنگائی کے تباہ کن سیلاب پر تشویش کاظہار
Posted on October 25, 2012 By Geo Urdu لاہور
لاہور(سٹاف رپورٹر) انٹرنیشنل ارائیں فورم کے چیئرمین روحیل اکبر نے عید کی آمد سے قبل ہی ملک بھر میں آنے والے مہنگائی کے تباہ کن سیلاب پر تشویش کاظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مویشیوں کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتوں سے لگتا ہے کہ غریب و متوسط طبقہ سنت ابراہیمی کی پیروی سے محروم رہے گا جبکہ یوم قربان آنے سے قبل ہی ایک جانب بھتہ خوروں اور ڈاکوؤں نے اسلحہ کے زور پر عوام کو قربان کرنا شروع کردیا ہے۔
تو دوسری جانب چرم قربانی کیلئے موصول ہونے والی سیاسی و مذہبی جماعتوں کی پرچیاں عوام کو قربان کئے دے رہی ہیں یہی نہیں بلکہ عید سے قبل ہی آلو پیاز اور گھی تیل سے لیکر تمام اشیائے ضروریات کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے اور عید کی چھٹیوں میں اپنے پیاروں سے ملنے جانے والوں کیلئے اب ناقابل برداشت ٹرانسپورٹ کرائے کی وجہ سے اپنے پیاروں سے ملنا مشکل ہوگیا ہے۔
لیکن حکومت’ عدلیہ ‘ فوج اور پولیس سمیت دیگر کوئی بھی ادارہ عوام کو نہ توکرپٹ سیاستدانوں سے بچاپارہا ہے ‘ نہ ذخیرہ اندوزوں و ناجائز منافع خوروں سے ‘ نہ ڈاکوؤں اور قاتلوں سے ‘ نہ بھتہ و قبضہ مافیا سے اور نہ ہی ٹرانسپورٹر زکی لوٹ مار سے عوام بالکل اسی طرح لٹ رہے ہیں جس طرح جنگل میں کمزور جانور طاقتور درندوں کا شکار ہوجاتے ہیں ۔