روس (جیوڈیسک) روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے اپنا دورہ پاکستان ملتوی کردیا، روسی صدر نے 2 اکتوبر سے اسلام آباد میں شروع ہونے والی چار ملکی سربراہی کانفرنس میں شرکت کرنا تھی۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کا دورہ پاکستان ملتوی ہونے کے باعث چار ملکی سربراہی کانفرنس بھی ملتوی کردی گئی ہے۔ چار ملکی سربراہی کانفرنس میں پاکستان، روس، تاجکستان اور افغانستان کے سربراہوں نے شرکت کرنا تھی۔
روسی صدر ولادی میر پوٹن نے صدر پاکستان کے نام ایک خط میں پاک روس باہمی تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ روس پاکستان کے ساتھ دیگر شعبوں کے علاوہ اقتصادی تعاون کو بھی فروغ دینا چاہتا ہے۔ انہوں صدر پاکستان کو دورہ روس کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں آپ کا روس میں استقبال کرتے ہوئے ہمیشہ خوشی ہو گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ ان کی صدر پاکستان سے ون ٹو ون ملاقات جلد ہوگی۔