صدر آصف علی زرداری نے حکومت کو ہدایت کی ہے کہ ریلوے ملازمین کی تنخواہوں اور پینشن کی ادائیگیوں کے لیے سات روز کے اندر فنڈز جاری کیے جائیں۔ ایوان صدر میں پاکستان ریلوے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صدر مملکت نے ہدایت کی کہ ناکارہ انجنوں کی مرمت اور نئے انجنوں کی خریداری کے لیے چھ ارب روپے کے قرضوں کا انتظام کیا جائے اور یہ رقم مکمل طور پراسی مقصد کے لیے استعمال کی جائے۔ وفاقی وزیر ریلوے غلام احمد بلور نے صدر کو بتایا کہ انجنوں اور مال گاڑیوں کی عدم دستیابی سے ریلوے کا منافع صفر ہو چکا ہے۔ صدر نے ہدایت کی کہ یہ معاملے مشترکہ مفادات کونسل کے سامنے اٹھایا جائے۔