زائرین کی بس پرفائرنگ کھلی دہشت گردی ہے، ایم اے تبسم
Posted on March 1, 2012 By Geo Urdu گجرات
لاہور:( پریس ریلیز )پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے سینئررہنماء ایم اے تبسم نے کہا ہے کہ زائرین کی بس پرفائرنگ کھلی دہشت گردی ہے حکومت اس واقعہ میں ملوث افرادکوگرفتارکرکے اسی جگہ پرپھانسی پرلٹکادے۔ کوہستان میں ہونے والے ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ میں19افرادکی ہلاکت کی شدیدمذمت کرتے ہوئے ایم اے تبسم نے کہاکہ ملک میں دہشت گردباآسانی سے اپنے ٹارگٹ حاصل کررہے ہیں جس سے پتہ چلتاہے کہ دہشت گردی پرقابوپانے کیلئے کیے گئے اقدامات ناکافی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایسے واقعات سے ملک کے اندربدامنی پیداہوسکتی ہے۔
انہوں نے مزیدکہاکہ بے گناہ انسانوں کی جانوں سے کھیلنے والے مسلمان نہیں ہوسکتے۔ایم اے تبسم نے ان خیالات کا اظہار کاہنہ نو سے آئے ہوئے تحریک انصاف کے کارکنوں کے ایک وفد سے گفتگو کے دوران کیا، وفدکی قیادت غلام مصطفی بھٹی کررہے تھے ان کے ہمراہ افتخاراحمدنورانی،محمداشفاق سلطانی ودیگر بھی تھے ،انہوں نے مزیدکہا کہ جرائم کے خاتمہ کیلئے قانون کی رٹ قائم کرناہوگی ملک میں جب تک امیراورغریب آدمی کیلئے قانون یکساں نہ ہوگاملک سے بدامنی ختم نہیں ہوسکتی،اسلامی تعلیمات پرعمل کرنے سے ہی معاشرہ امن وامان کاگہوارہ بن سکتاہے۔
انہوں نے کہاکہ ملک میں جرائم کی بڑھتی ہوئی شرح انتہائی تشویشناک ہے اوراس حوالے سے ہمیں بطورپاکستانی قوم بن کرسوچناہوگا۔انہوں نے کہاکہ اگرمعاشرے کے محب وطن افرادمٹھی بھرجرائم پیشہ عناصرکے خاتمہ کیلئے اپناکرداراداکرنے کیلئے اکٹھے ہوجائیں توہماراملک بہت جلدامن کا گہوارہ بن سکتاہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں تحریک انصاف ،پیپلزپارٹی اورن لیگ کی کرپشن کامقابلہ عوامی طاقت سے کرے گی ،کرپشن ہی ملک کاناسورہے جوملک کودیمک کی طرح چاٹ رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کے دورمیں کرپشن ایک ہزارارب سالانہ سے بڑھ کردوہزارارب روپے سالانہ ہوچکی ہے جس سے پتہ چلتاہے کہ موجودہ حکومت کے دورمیں صرف کرپشن میں ہی اضافہ ہواہے ملک وقوم کی ترقی اورخوشحالی کیلئے کوئی کام نہیں ہوا۔انہوں نے کہاکہ ملک کے عوام باری باندھ کراقتدارمیں آنے والے سیاستدانوں سے اکتاچکے ہیں اوروہ تحریک انصاف کے جھنڈے تلے جمع ہوکرقائدتحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں اپنامثبت کرداراداکرنے کیلئے تیارہیں۔