زندگی ہمیں گزاتی ہے

Elections Pakistan

Elections Pakistan

مجھے بچپن سے ہی سردہ کا موسم بہت پسند ہے  لیکن اس بار سردی کا موسم بھی کچھ اُداس اُداس ہے۔ملک کے حالات کس کروٹ بیٹھتے ہیں کوئی سجمھ نہیں آ رہی۔قوم نے پانچ سال شدید مشکلات میں صرف اس لیے کاٹے کہ جمہوریت بحال ہوسکے لیکن عین انتخابات کے وقت انتخابات کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے والے پتا نہیں کہاں سے آگئے ہیں؟آج میرا موڈ کچھ غیر سیاسی ہے اس لیے اپنی موضوع کی طرف واپس آتا ہوں بات چلی تھی موسم سے تو موسم چاہے کوئی بھی ہو سردی یا گرمی اچھا  یا برا لگنے کا ا نحصار صرف زندگی پرمنحصر ہے اگر دل ودماغ اور جسم تندرست و توانا ہیں تو سبھی موسم اچھے ہیں وگرنہ سردی اچھی نہ گرمی اور نہ موسم بہار اچھا لگتا ہے۔

زندگی ایک حقیقت ہے۔انسان زندگی میں بہت کچھ کرنا چاہتا ہے۔انسان اپنی اولاد کو اچھی تعلیم و تربیت کے ذریعے اچھا اور کامیاب انسان بنانے کی کوشش کرتا ہے۔ہم سمجھتے ہیں کہ ہم اپنی محنت سے زندگی کو کامیاب طریقے سے گزار سکتے ہیں ۔اس بات کی سچائی میں کوئی شک نہیں کہ جو لوگ محنت کرتے ہیں وہ معاشرے میں باعزت اور باوقار طریقے سے جیتے ہیں  لیکن اس حقیقت کو بھی جھٹلایا نہیں جا سکتا کہ انسان جیسا جیسا سوچتا ہے اور کرنا چاہتا ہے زندگی میں سب ویسا ویسا نہیں ہوتا ہم رات کو یہ سوچ کرسوتے ہیں کہ صبح سویرے سیر کرنے پارک جائیں گے لیکن صبح ہونے سے پہلے  ہی کسی دوست کسی عزیز کا فون آجاتا ہے کہ اس کی طبییعت خراب ہے اس لیے ہسپتال جانا ہے فورا ہی چلے آئو۔اب رات کو سوتے وقت ہم نے یہ سوچا تھا کہ صبح سیر کرنے پارک جائیں گے لیکن قدرت کو ہسپتال جانا منظور تھا۔مجھے لگتا ہے جیسے انسان زندگی نہیں بلکہ زندگی انسان کوگزار تی ہے۔اگر ایسا نہ ہوتوانسان اور زیادہ خود سر ہو جائے۔انسان جو کچھ سوچتا ہے اگر سب ویساہونے لگے توپھر انسان کبھی بھی اللہ تعالیٰ کی حقیقت کو تسلیم نہ کرے۔

انسان کی فطرت ایسی ہے جب دنیاوی مشکلات میں گر جاتا ہے تو اللہ تعالیٰ کی طرف بہت زیادہ رجوع کرتا ہے لیکن جیسے ہی اللہ تعالیٰ کی رحمت سے مشکلات کم ہونے لگتی ہیں انسان کے رابطے اللہ تعالیٰ سے کم ہونے لگتے ہیں۔یہی انسان کے نا بالغ ہونے کی دلیل ہے  جس معاشرے میں صبر کرنے کی صلاحیت نہیں اس معاشرے میں حقیقی بلوغت نہیں ہے جس معاشرے میں حقیقی بلوغت ناپید ہوجائے اس معاشرے میں انسانی اقدار کی پامالی معمول بن جاتی ہے ایسے معاشرے میں انسان کی قدروقیمت کم اور نفسانی خواہشات کی زیادہ قدر ہوتی ہے۔بلوغت دو قسم کی ہے۔جسمانی اور باطنی و حقیقی ۔جسمانی بلوغت سولہ سال کی عمر پر ہوتی ہے۔جسمانی بلوغت سے تو سب ہی واقف ہیں لیکن بد قسمتی سے حقیقی بلوغت کے بارے میں ہم بہت کم جانتے ہیں ۔بمشکل دو فیصد لوگ ہی حقیقی بلوغت کے بارے میں تھوڑا بہت جانتے ہیں۔

میرے خیال میں ذہنی و حقیقی بلوغت سے واقفیت اتنی ہی ضروری ہے جتنا کہ سانس لینا ۔بے شک اللہ تعالیٰ اپنی مخلوق کے لیے آسانیاں فرماتا ہے۔ خوش قسمتی سے ذہنی فکری بلوغت کے لیے عمر کی کوئی بھی حد مقرر نہیں ہے ۔بلکہ ذہنی و فکری بلوغت خالصتا اسلامی ذہن کی تشکیل سے ہوتی ہے۔(یہ کالم امتیاز علی شاکر نے لکھا ہے اگر آپ کسی اور کے نام سے پڑھ رہے ہیں تو یہ صاحب کالم چور ہیں) باسلام میں جسمانی بلوغت کافی نہیں بلکہ روحانی بلوغت بھی ضروری ہے۔بے صبری اور بے قراری تو بچپنے کی نشانیاں ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ انسان ذہنی اور فکری طور پر نا بالغ ہے۔ذہنی طور پر نا بالغ انسان بچوں اور حیوانوں کی طرح اپنی خواہشات کا غلام ہوتا ہے۔اس میں ذہنی اور فکری صفات مفقود ہوتی ہیں۔کبھی ایک اور کبھی دوسری چیز کی خواہش کرتا ہے خواہ اس چیز کی کوئی اہمیت اور حقیقت نہ ہو۔ایسے انسان میں نفسانی خواہشات کے سوا کوئی اور تقاضا نہیں ہوتا حالانکہ خواہشات کی پیروی کا انجام عارضی مسرت اوربعدازاں بربادی کے سوا کچھ نہیں ۔یہ خوشی تو جلد ہی ختم ہوجاتی ہے لیکن گناہوں کا غم طویل مدت تک باقی رہتا ہے غربت میں انسان کو اللہ تعالیٰ کی بہت یاد آتی ہے ۔اسی لیے اللہ تعالیٰ کے پیارے رسول حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے غربت کو پسند فرمایا ہے۔دنیا کا مال دولت انسان کو حق سے دور کر دیتا ہے۔

Money

Money

دولت کے نشے میں انسان اپنے ارد گرد بسنے والے غریب لوگوں کو کم تر سمجھنا شروع کردیتا ہے۔ خاص طور پرسود کو اسلام میں بہت زیادہ نا پسند کیا گیا ہے۔قرآن کریم میں سودخوروں کے بارے میں ارشاد ہے۔جو لوگ سود کھاتے ہیں وہ (قبروں )سے اس طرح (حواس باختہ )اٹھیں گے جیسے کسی کو جن نے لیپٹ کر دیوانہ بنا دیا ہو۔یہ اس لیے کہ وہ کہتے ہیں کہ سودا بیچنا بھی تو (نفع کے لحاظ سے)ویسا ہی ہے جیسے سود (لینا)حالانکہ تجارت کو اللہ تعالی ٰنے حلال کیا ہے اورسود کو حرام( قراردیا ہے)۔تو جس شخص کے پاس اللہ کی نصیحت پہنچی اوروہ (سود لینے سے)باز آگیا تو جو پہلے ہوچکا  وہ اس کا اور (قیامت میں )اس کا معاملہ اللہ کے سپرد اور جو پھر لینے لگا تو ایسے لوگ دوزخی ہیں اور ہمیشہ دوزخ میں (جلتے)رہیں گے ۔سورة البقرہ:275  اس طرح انسانیت کی تذلیل ہوتی ہے جو اللہ تعالیٰ کو سخت نہ پسند ہے ۔اللہ تعالیٰ نے انسان کو پوری کائنات کی مخلوقات سے بہتر پیدا فرمایا ہے۔اللہ تعالیٰ نے ہر قوم میں اس کی اصلاح کی خاطر اپنے پیغمبر بھیجے اورآخر میں سب پیغمبروں کے سردار حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم   کو ساری کائنات کے لیے رحمت بنا کر ہماری اصلاح کے لیے بھیجا۔اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم میں وہ علم عطا فرمایا ہے جس کے ذریعے انسان اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرتا ہے۔

اللہ تعالیٰ کے محبوب نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم  نے اپنی ساری زندگی عمل کر کے واضح کردیا کہ اللہ تعالیٰ کے حکم کے بغیر ایک سانس لینا بھی غفلت میں شامل ہے۔کتنے دکھ کی بات ہے کہ ہم خود کو سرکار دوعالم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا امتی کہتے ہیں لیکن قدم قدم پر جھوٹ بولتے ہیں۔مسلمان اہل ایمان کی بجائے کفار کو اپنا عزیز رکھتے ہیں۔ بیگناہوں کو ناحق قتل کرتے ہیں۔سود کا کاروبار کھلے عام کرتے ہیں۔حق کی گواہی دینے سے ڈرتے ہیں۔حرام مال کماتے ہیں۔خود اعلیٰ اور دوسروں کو حقیر سمجھتے ہیں۔الغرض کہ ہروہ کام کرتے ہیں جن سے اللہ تعالیٰ اور اللہ تعالیٰ کے محبوب نبی حضرت محمد  صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے سختی سے منع فرمایا ہے۔

Imtiaz Ali Shakir

Imtiaz Ali Shakir

تحریر : امتیاز علی شاکر
imtiazali470@gmail.com
03154174470