سانحہ مستونگ میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تدفین کردی گئی ہے۔ تدفین کے بعد احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا۔ واقعے کے خلاف کوئٹہ میں شٹر ڈان ہڑتال کی جارہی ہے۔ تین روزہ سوگ کا اعلان بھی کیا گیا ہے ۔ پولیس نے کوئٹہ اور مستونگ میں کارروائی کرتے ہوئے ایک سو بارہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ سانحہ مستونگ میں جاں بحق ہونے والے افراد کو کوئٹہ کے علاقے ہزارہ ٹان میں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا ہے ۔ اس موقع پر رقت آمیز مناظردیکھنے میں آئے۔ ہزاروں مقامی افراد نے تدفین کے بعد مغربی بائی پاس پر احتجاج کیا اور قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ مظاہرے میں خواتین نے بھی شرکت کی۔ مستونگ میں گذشتہ روز ایران جانے والے زائرین کی بس پر فائرنگ کردی گئی تھی جس میں انتیس افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔