(جیو ڈیسک)ایک بھارتی انٹیلی جنس افسر نے اعتراف کیا ہے کہ سربجیت سنگھ بھارت کی خفیہ ایجنسی کا ایجنٹ تھا جسے پاکستان میں بم دھماکوں کے لیے بھیجا گیا۔بھارتی انٹیلی جنس ایجنسی ”را” کے ایک اعلی عہدیدار نے بھارتی میڈیا کو بتایا ہے کہ سربجیت سنگھ خاص مشن پر پاکستان گیا تھا۔
اس نے اپنے ذمے لگایا کام مکمل کر لیا تھا مگر واپسی کی کوشش میں بارڈر پر پکڑا گیا۔ انٹیلی جنس افسر نے انکشاف کیا کہ 90 کی دہائی میں ”را” کے ایجنٹس نے پاکستان میں ایسے کئی مشن انجام دیے۔ ان میں سے بیشتر آپریشنز کا کوئی واضح مقصد بھی نہیں تھا۔
سربجیت جیسے جو ایجنٹ پکڑے گئے ان کے اہلخانہ کو بھاری قیمت چکانا پڑی۔ انٹیلی جنس افسر کا کہنا تھا کہ سربجیت سنگھ کا معاملہ میڈیا میں آنے سے اس کے اہلخانہ کو فائدہ ہوا۔ بصورت دیگر بھارت میں ایسے ایجنٹس کو اپنے واجبات بھی عدالت کے ذریعے لینا پڑتے ہیں۔