لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نئے سینٹرل کنٹریکٹ کی اے کیٹیگری سے باہر ہو گئے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے سال 21-2020 کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کی مراعات اور معاوضے میں کسی قسم کی کمی نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دوسری طرف بورڈ کی سینٹرل کنٹریکٹ کی کمیٹی جس میں چیف ایگزیکٹو وسیم خان ڈائریکٹر انٹر نیشنل ذاکر خان اور ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق شامل ہیں، انہوں نے نئے سینٹرل کنٹریکٹ کے لیے ناموں کو حتمی شکل دے دی ہے۔
سابق ٹیسٹ کپتان سرفراز احمد جو نہ صرف کپتانی اور قومی ٹیم کے کسی فارمیٹ کی ٹیم میں شامل نہیں انہیں سینٹرل کنٹریکٹ کی اے کیٹیگری سے باہر کردیا گیا ہے۔
پہلے سرفراز ، ٹی 20 کپتان بابر اعظم اور لیگ اسپنر یاسر شاہ کے ہمراہ اے کیٹیگری کا حصہ تھے لیکن اب سرفراز کو سی کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 18 اکتوبر 2019 کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے اظہر علی کو قومی ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کر دیا تھا جب کہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی بابراعظم کے سپرد کر دی تھی۔