الریاض (جیوڈیسک) سعودی عرب کے مشرقی صوبہ القطیف میں واقع قصبے طاروت میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں آٹھ مطلوب انتہا پسند ہلاک ہوگئے ہیں۔ سعودی سکیورٹی فورسز کے حوالے سے ہفتے کے روز ان ہلاکتوں کی اطلاع دی ہے اور بتایا ہے کہ ان کا تعلق حال ہی میں تشکیل پانے والے دہشت گردی کے ایک سیل سے تھا۔
سعودی عرب کی پریزیڈینسی برائے اسٹیٹ سکیورٹی کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ انتہا پسندوں کا یہ گروہ علاقے میں عوامی مقامات اور سکیورٹی کی جگہوں پر دہشت گردی کے حملوں کی منصوبہ بندی کررہا تھا۔سکیورٹی حکام نے تحقیقات کے بعد طاروت کے علاقے سنابس میں واقع ایک اپارٹمنٹ میں ان کی خفیہ کمین گاہ کا پتا چلا لیا تھا۔
ترجمان نے بتایا ہے کہ ’’اس کے بعد حکام نے ہفتے کی صبح مقامی وقت کے مطابق دس بجے حفظ ماتقدم کے طور پر ان مشتبہ انتہا پسندوں کے ٹھکانے پر چھاپا مار کارروائی کی تھی اور انھیں ہتھیار ڈالنے کے لیے کہا ۔ دہشت گردوں نے اس حکم کا کوئی مثبت جواب دینے کے بجائے سکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ شروع کردی ۔سکیورٹی اہلکاروں نے اپارٹمنٹ کے آس پاس موجود لوگوں کو جان ومال کے تحفظ کے لیے جوابی فائرنگ کردی جس سے تمام آٹھ دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔اس کارروائی میں سکیورٹی فورسز کے کسی اہلکار یا ساتھ واقع عمارتوں میں رہنے والے کسی فرد کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی سکیورٹی فورسز نے 21 اپریل کو دارالحکومت الریاض سے250 کلومیٹر شمال میں واقع صوبہ الزلفی میں ایک تفتیشی مرکز پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا تھا اور ان کی بروقت جوابی کارروائی میں چاروں حملہ آور دہشت گردہلاک ہوگئے تھے ۔ انھوں نے نظامتِ عامہ برائے تفتیش جرائم پر مشین گنوں ، بموں اور آتش گیر مواد سے حملے کی کوشش کی تھی۔
سعودی عرب کی اسٹیٹ سکیورٹی کی پریذیڈینسی نے ایک روز بعد کہا تھا کہ صوبہ الزلفی میں تفتیش جرائم کے مرکز پر حملہ آور ہونے والے چاروں دہشت گرد سخت گیر جنگجو گروپ داعش کے ارکان تھے۔ادارے نےان چاروں کے مکمل نا م اور قومی شناختی کارڈ نمبر جاری کیے تھے۔ ان میں سے ایک حملہ آور نے الزلفی کے علاقے الریان میں ایک جگہ کرائے پر لے رکھی تھی اور یہ گروپ اس کو دہشت گردی کے حملے کی منصوبہ بندی کے لیے استعمال کرتا رہا تھا۔
اس سے پہلے 8 اپریل کو سعودی سکیورٹی فورسز نے مشرقی صوبے میں ایک کارروائی میں ہلاک ہونے والے دو دہشت گردوں کے نام جاری کیے تھے ۔ یہ دونوں دہشت گرد ماضی میں القطیف میں دہشت گرد ی کے حملوں میں ملوّث رہے تھے۔