سندھ میں بارشوں کے ریکارڈ ٹوٹ گئے،139افراد ہلاک

flood

flood

پاکستان کا دوسرا سب سے بڑا صوبہ سندھ ان دنوں شدید قدرتی آفات میں گھیرا ہوا ہے۔ بارشوں کے تسلسل نے ماضی کے تمام ریکارڈز ٹو دیئے ہیں۔ طوفانی بارشوں کے سبب پورا صوبہ تباہی کے دہانے پر ہے۔ بدھ تک صوبے بھر کے13ہزار 2سو 49 دیہاتوں میں بسنے والے 38 لاکھ افراد بری طرح متاثر ہوئے۔ اس کے علاوہ 41 لاکھ ایکڑ زمین متاثر ہوئی جس میں 17 لاکھ ایکڑ زمین پر موجود فصل ختم ہو گئی جبکہ139 افراد جاں بحق ہوئے۔
پاکستان پیپلز پارٹی میڈیا سیل سندھ کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ میں صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے دن رات کام کر رہی ہے، نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی این ڈی ایم اے، پروونشیل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی پی ڈی ایم اے، سندھ حکومت اور ضلعی حکومتیں مل کر عوام کو اشیائے خورد ونوش اور ٹینٹ مہیا کر رہے ہیں۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی خصوصی ہدایت پر وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ، صوبائی وزرا، سندھ سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی اور سینیٹرز سندھ کے مختلف علاقوں میں دورے کر کے ریلیف کے کاموں کا جائزہ لے رہے ہیں، جب تک عوام کو مکمل ریلیف فراہم نہیں کریں گے تب تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہر متاثرہ خاندان کو سندھ پیپلز کارڈ کے ذریعے 20 ہزار روپے دیئے جائیں گے۔ صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے صاحب حیثیت افراد، ادارے، بزنس کمیونٹی اور سول سوسائٹی سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ریلیف کے اس کام میں بڑھ چرھ کر حصہ لیں۔