سوات : (جیوڈیسک)ستارہ جرات اور بین الاقوامی امن ایوارڈ حاصل کرنے والی سوات کی ہونہار طالبہ ملالہ یوسف زئی دہشت گردوں کی فائرنگ سے زخمی ہو گئیں ۔انہیں خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسلام آباد منتقل کیا جا رہا ہے۔
تیرہ سالہ ملالہ یوسف زئی نے سوات میں خواتین کی تعلیم پر پابندی کے خلاف آواز اٹھائی اور مشکل دور میں ہار نہیں مانی۔ملالہ کی اس جرات کو ملکی اور عالمی سطح پر سراہا گیا اور ایوارڈ دیے گئے۔ ملالہ یوسف زئی آج اپنے اسکول سے گھر جا رہی تھی کہ گلدہ کے مقام پر نامعلوم افراد نے گاڑی پر فائرنگ کردی۔
فائرنگ سے ملالہ اور ایک اور طالبہ شازیہ زخمی ہو گئی۔ ملالہ یوسفزئی کو ابتدائی طبی امداد کے لیے سدو ٹیچنگ ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق ملالہ کو ایک گولی لگی ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملالہ سکول سے چھٹی کے بعد وین میں بیٹھی تھی۔ دو مسلح افراد نے وہاں موجود طالبات سے پہلے خوشحال پبلک سکول اور پھر ملالہ یوسف زئی کا پوچھا۔ پولیس کے مطابق مسلح افراد نے ملالہ یوسف زئی کو پہچان کر گاڑی پر فائرنگ کی۔