اسلام آباد: (جیو ڈیسک) سپریم کورٹ آف پاکستان میں آج چار انتہائی اہم مقدمات کی سماعت ہو رہی ہے۔ ان میں ممنوع ادویات کیس، لال مسجد کیس، انتخابی اخراجات کا کیس اور وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی جانب سے توہین عدالت کیس کی سماعت شامل ہیں۔
سپریم کورٹ میں ممنوعہ دوا کیس نے ایک نیا موڑ لے لیا ہے۔ اینٹی نارکوٹکس فورس نے وزیراعظم کے بیٹے علی موسیٰ گیلانی سمیت آٹھ نئے ملزمان کو کیس میں شامل کرنے کی رپورٹ جمع کرا دی ہے۔
ادھر آج علی موسیٰ گیلانی کی ہنی مون مختصر کر کے وطن وآپسی بھی متوقع ہے۔ وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے بیٹے کو کیمیکل کوٹہ کیس میں پیش ہونے کی ہدایت کی تھی۔
دوسرا اہم مقدمہ زیر اعظم توہین عدالت کیس ہے اس کیس کی سماعت گزشتہ روز بھی ہوئی تھی۔ وزیراعظم توہین عدالت کیس کی سماعت جسٹس ناصر المک کی سربراہی میں سات رکنی بینچ کر رہا ہے۔ گذشتہ روز بیرسٹر اعتزاز احسن نے سربراہان مملکت کے استثنی پر دلائل مکمل کئے تھے جبکہ جسٹس اعجاز نے ریمارکس دیئے تھے کہ اصل مسئلہ یہ ہے کہ حکومت خط لکھنا ہی نہیں چاہتی۔
گزشتہ روز ہونے والی سماعت میں اعتزاز احسن کو ایک دن کی مہلت اور دی گئی تھی ۔ اعتزاز احسن کے دلائل جاری ہیں۔
دوسری جانب سینیٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ وزیر اعظم توہین عدالت کیس میں آج توپیں آہستہ آہستہ خاموش ہوجائیں گی لیکن فیصلے کے لئے انتظار کرنا پڑے گا۔ وہ سپریم کورٹ روانگی سے قبل ذرائع سے خصوصی گفتگو کر رہے تھے۔