اسلام آباد: سپریم کورٹ میں حج بدانتظامی کیس میں سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ کو اوایس ڈی بنائے جانے کے حوالے سے وزیراعظم کا تحریری ردعمل پیش نہیں کیاجاسکا۔ اٹارنی جنرل نے جواب دینے کیلئے پیر تک کی درخواست کی ۔چیف جسٹس نے کہاہے کہ عدالت کے پاس اتنا وقت نہیں ہے کل تک جواب لائیں۔ سماعت کے دوران اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایاکہ ان کی وزیراعظم گیلانی سے براہ راست بات ہوئی ہے ۔وزیراعظم نے سارے معاملے پر غور کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ چیف جسٹس نے کہاکہ حکومت پر بداعتمادی نہیں ہے۔ انھوں نے ڈی جی ایف آئی اے سے استفسار کیا کہ حسین اصغر کو چارچ دینے میں کوئی رکاوٹ ہے ۔ ڈی جی ایف آئی نے کہاکہ چارچ دینے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔ اس سے پہلے اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایاکہ حسین اصغر اسکردو سے اسلام آباد کیلئے پرسوں روانہ ہوئے ہیں ان سے رابطہ نہیں ہورہا ہے۔ جسٹس خلجی عارف حسین نے استفسار کیاکہ اتنا بڑا آفیسر کہاں غائب ہوگیا اتنے بڑے افسرسے رابطہ نہ ہونے کی بات ناقابل یقین ہے جس کے بعد سماعت کل تک کے لئے ملتوی کردی گئی۔