ماسٹر بیٹسمین سچن ٹنڈولکر کو ملک کا سب سے بڑا سویلین ایوارڈ بھارت رتنا دینے کیلئے بھارتی قانون میں ترمیم پارلیمنٹ میں پیش کردی گئی۔ سچن ٹنڈولکر کو دوہزار آٹھ میں بھارت کا دوسرا بڑا ایوارڈ پدما بھوشن دیا گیا تھا لیکن قانون کے مطابق ملک کا سب سے بڑا سویلین ایوارڈ صرف سائنس، آرٹ، ادب اور عوامی خدمات پر دیا جاتا ہے۔ بھارت رتنا حاصل کرنے والوں میں مدرٹریسا، سابق صدر ابوالکلام اورآنجہانی وزیر اعظم راجیو گاندھی شامل ہیں۔ پارلیمنٹ کے سرمائی سیشن کے آغاز پر انرجی منسٹر فاروق عبداللہ نے بتایا کہ نئی آئینی ترمیم کے بعد ملک کا سب سے بڑا سول اعزاز کسی بھی شعبے میں اعلی ترین خدمات پیش کرنے والے فرد کو دیا جاسکے گا۔ حکمراں پارٹی کے علاوہ اپوزیشن ارکان نے بھی مجوزہ ترمیم کا بھرپور خیر مقدم کیا ہے۔ جن میں جنتا پارٹی کے لیڈرپرکاش جوادیکر اور شاہنواز حسین شامل ہیں۔