کراچی : (جیو ڈیسک) سی این جی ایسوی ایشن نے حکومت کو یکم مئی تک سی این جی کی قیمتوں میں اضافہ واپس کرنے کا الٹی میٹم دے دیا ہے۔غیاث پراچہ کا کہنا ہے کہ قیمتیں واپس نہ لی گئیں تو ملک بھر میں فلنگ اسٹیشنز کی بندش سمیت آخری حد تک جائیں گے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے غیاث پراچہ نے کہا کہ اگر قیمتوں میں اضافہ واپس نہ لیا گیا تو سیاسی جماعتوں کی طرح آنکھیں بند نہیں کریں گے بلکہ پورا ملک جام کردیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایک سوچھی سمجھی اسکیم کے تحت سی این جی سیکٹر کو تباہ کیا جارہا ہے۔
غیاث پراچہ نے کہا کہ انڈسٹری اور سی این جی سیکٹر میں گیس کے ٹیرف میں تین سو تیس روپے ایم ایم بی ٹی یو کا فرق آگیا ہے۔ سی این جی سیکٹر کو سات سو اٹھاون جبکہ صنعت کو چار سو اٹھائیس روپے ایم ایم بی ٹی یو کی فراہمی کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سوئی سدرن گیس کا سی این جی سیکٹر کے ساتھ رویہ غیر مناسب ہے۔ ایل این جی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک حکومت نے فیصلہ ہی نہیں کیا ہے کہ کس ملک سے ایل این جی خریدنی ہے اور کس سیکٹر کو دینی ہے۔