اسلام آباد(جیوڈیسک)ملک کی سیاسی اور عسکری قیادت کا اہم اجلاس ایوان صدر میں ہوا۔ جس میں سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سیاسی اور عسکری قیادت نے ملالہ پر حملے کے مجرموں کو ہر حال میں گرفت میں لانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف جنگ منطقی انجام تک پہنچانے کا عہد کیا۔
ایوان صدر میں صدر آصف علی زرداری کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے شرکت کی۔ اجلاس میں دہشتگردی کے خلاف جنگ اور ملالہ یوسف زئی پر حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جا ئزہ لیا گیا۔ تینوں رہنماؤں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم ظاہر کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ آرمی چیف نے صدر اور وزیراعظم کو اپنے دورہ روس پر اعتماد میں لیا۔