دمشق: شام میں سیکورٹی فورسز کی کارروائی میں مزید سترہ افراد ہلاک ہوگئے ہیں ۔ عرب میڈیا کے مطابق سولہ افراد ملک کے تیسرے بڑے شہر ہومز میں ہلاک کئے گئے جبکہ ایک خاتون ترکی کے ساتھ واقع سرحدی قصبے میں کارروائی کے دوران ہلاک ہوئی۔ ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں سولہ افراد ہلاک ہوئے۔ ادھر ترکی کے ساتھ واقع قصبوں تفناظ اور سرمن میں سیکورٹی فورسز نے ٹینکوں اور بکتربندگاڑیوں کیساتھ کارروائی کی، جس میں ایک خاتون ہلاک اور تیرہ افراد زخمی ہو گئے۔ شام میں مارچ میں شروع ہونے والے حکومت مخالف مظاہروں کے بعد ابتک سولہ سو شہری ہلاک ہوچکے ہیں اور تین ہزار لاپتہ ہیں۔ جبکہ حکومتی اعدادوشمار کے مطابق تین سو چالیس سیکورٹی اہلکار ہلاک ہو چکے ہیں۔