شام پرعرب لیگ کا قاہرہ میں اجلاس متوقع

syria arab league

syria arab league

عرب ممالک کے وزارِ خارجہ کا اجلاس اتوار کو قاہرہ میں ہورہا ہے جس میں وہ سلامتی کونسل میں شام پر قراداد کی ناکامی کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔
عرب وزراِ خارجہ اجلاس میں طے کریں گے کہ شام میں شورش پر قابو پانے کے لیے کون سے ممکنہ اقدامات کیے جاسکتے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ اجلاس میں غور کیا جاسکتا ہے کہ اقوامِ متحدہ اور عرب لیگ کا مشترکہ مشن شام بھیجا جائے اور شام میں مرکزی حزبِ اختلاف کے گروپ کا تعین کیا جائے۔شام میں حکومت کی فورسز نے حمص میں بمباری جاری رکھی ہے جبکہ وہ سنیچر کو زبدانی شہر میں داخل ہوگئیں۔کارکنوں کا کہنا ہے کہ شام میں پرتشدد واقعات میں کم سے کم پینتیس افراد ہلاک ہوئے جبکہ دمشق میں ایک فوجی جنرل بھی مارا گیا۔
شام کے سرکاری خبر رساں ادارے نے کہا ہے کہ بریگیڈیئر جنرل ڈاکٹر عیسی الخولی شام کے ملٹری ہسپتال کے سربراہ تھے۔

انہیں مسلح دہشت گردوں کے ایک گروپ نے اس وقت گولی مار کر ہلاک کیا جب وہ اپنے گھر سے شہر کے شمال کی جانب سفر کررہے تھے۔عرب لیگ کے وزرا کا اجلاس اتوار کی سہہ پہر کو متوقع ہے جس میں حکام کا کہنا ہے کہ وزرا مشترکہ مشن کو شام بھیجنے پر غور کریں گے جو عرب لیگ کے مبصرین کی جگہ لے گا۔ عرب لیگ کے مبصرین کا مشن جنوری میں تشدد کے تسلسل کے باعث واپس آگیا تھا۔