شاہ زیب قتل کیس کے مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی کووسخت سیکیورٹی میں ابو ظبی سے کراچی منتقل کر دیا گیا، ملزم کو کل عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
ڈی ایس پی اورنگزیب کے بیٹے شاہ زیب کے قتل میں نامزد ملزم شاہ رخ جتوئی کو نجی ایئر لائن کی پرواز ای ایل 221 کے ذریعے کراچی لایا گیا۔ ملزم کو سخت سیکیورٹی میں ایئرپورٹ کے پچھلے دروازے سے باہر لایا گیا اور اسے بکتر بند گاڑی میں بٹھا کر گارڈن ہیڈ کوارٹر منتقل کردیا گیا جہاں شاہ رخ جتوئی سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
ملزم کو عدالت میں پیش کر کے ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔ ایس ایس پی نیاز کھوسو نے کراچی ایئر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شاہ رخ جتوئی نے اپنی گرفتاری پیش کرنے کے لئے حکام سے رابطہ کیا جس پر انٹر پول سے این اوسی حاصل کرنے کے بعد اسے کراچی لایا گیا۔