سندھ کے سابق وزیر داخلہ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے کہا ہے کہ شرجیل میمن کا استعفی بہت بڑا المیہ ہے۔ ذوالفقار مرزا نے کہا کہ شرجیل میمن پر استعفی دینے کے لیے دباو ڈالا گیا جو کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے وہ اس کے خلاف عدالت سے رجوع کریں گے۔ انہوں نے وزیراعلی سندھ کی مشیر شرمیلا فاروقی کو چور قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ کافی عرصے سے وزیر اطلاعات سندھ بننا چاہتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ لگتا ہے اس تبدیلی کا مقصد شرمیلا فاروقی کو وزیراطلاعات بنانا ہے۔ ذوالفقار مرزا نے کہا کہ شرجیل میمن کے ساتھ سفر کر لیا تو کیا ہوا، پتا نہیں وہ کن کن کے ساتھ سفر کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ان کے خلاف کارروائی ہوئی تو سب سے پہلے فہمیدہ مرزا کے خلاف کارروائی کی جائے۔ ذوالفقار مرزا نے کہا کہ وہ پاکستان کو بچانے برطانیہ آئے ہیں، ان کے پاس جو ثبوت ہیں انھیں استعمال کیا جائے گا، ایم کیو ایم نے پیپلزپارٹی کی حکومت کو بوکھلاہٹ کا شکار کر دیا ہے۔