چین : (جیو ڈیسک)چین اور امریکہ اس بات پر متفق ہوگئے ہیں کہ اگر شمالی کوریا نے متنازع راکٹ لانچ منصوبے پر کام جاری رکھا تو وہ دونوں کسی بھی اشتعال انگیزی کا جواب مربوط طریقے سے دیں گے۔ شمالی کوریا کا راکٹ لانچ عالمی قوتوں کے نزدیک متنازع بن گیا ہے، اس سلسلے میں شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ دور مار کرنے والا میزائل سیٹیلائٹ کے ذریعے بھیجا جائے گاجبکہ امریکہ کا الزام ہے کہ شمالی کوریا لانچ کے ذریعے ایک میزائل کا تجربہ کرنا چاہتا ہے جو اقوامِ متحدہ کی پابندیوں کی خلاف ورزی ہے۔
واضح رہے کہ اس راکٹ لانچ کا تجربہ آئندہ ماہ متوقع ہے۔امریکی صدر براک اوباما اور چینی صدر ہو جنتاو کی ملاقات جنوبی کوریا کے شہر سیول میں ہوئی۔ ایک امریکی اہلکار کے مطابق صدر ہو جنتاو نے اس بات کا اشارہ دیا ہے کہ وہ اس تنازع کو سنجیدگی سے لے رہے ہیں جبکہ انہوں نے شمالی کوریا کے رہنماوں کو اپنی تشویش سے آگاہ کر دیا ہے۔اس سے قبل امریکی صدر نے اعلان کیا تھا کہ امریکہ اپنے جوہری ہتھیاروں کے ذخائر کم کرنے کے لیے تیار ہے۔