پاکستان: (جیو ڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ شگاکو کانفرنس میں صدر آصف زرداری کی شرکت پاکستان کی رسوائی کے سوا کچھ نہیں، نیٹو ممالک نے پارلیمنٹ کی قرارداد کو بھی اہمیت نہیں دی، ان کا کہنا تھا کہ غیروں کی جنگ سے نکل کر قبائلی عوام سے مذاکرات شروع کیے جائیں۔
پریس کانفرنس میں عمران خان نے کہا ہے کہ امریکی صدر تو دور کی بات ہے نیٹو کے کسی رکن ملک کے سربراہ نے بھی صدر آصف زرداری سے ملاقات نہیں کی۔ حکمرانوں کو پاکستان قوم کی غیرت اور خود مختاری سے نہیں بلکہ ڈالر بڑھانے سے غرض ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ نے قومی سلامتی کے تحفظ کیلئے تین قراد دادیں منظور کیں۔ قوم کو نیٹو کے اڑتالیس ممالک کی ناراضگی سے نہ ڈرایا جائے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ ضیا الحق نے ڈالر لے کر عسکریت پسند تیار کئے۔ پرویز مشرف نے ڈالروں کے عوض انھیں مارا۔
ایک سوال پرعمران خان کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی سزا یافتہ ہیں۔ وہ انھیں وزیراعظم تسلیم نہیں کرتے۔ اس موقع پر جنرل ریٹائرڈ علی قلی خان نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔