راولپنڈی : شہباز بھٹی قتل کیس میں پولیس نے گرفتار ملزم ملک عابد کو بے گناہ قرار دیتے ہوئے بری کرنے کی درخواست کر دی، انسداد دہشت گردی عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔ ملزم ملک عابد کو سات روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر راولپنڈی میں انسدادی دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر دو کے جج رانا مسعود کے روبرو پیش کیا گیا، پولیس نے ملزم سے کی جانے والی تفتیش کے بارے میں رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ملک عابد کے خلاف شہباز بھٹی قتل میں ملوث ہونے کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔
پولیس نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ ملزم کے خلاف مقدمہ خارج کر کے اسے باعزت بری کر دیا جائے، دوران سماعت ملزم ملک عابد نے بھی موقف اختیار کیا کہ اس کا شہباز بھٹی قتل کیس سے کوئی تعلق نہیں اور اسے پھنسایا گیا ہے، عدالت نے ملک عابد کے خلاف کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا ہے۔