پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی نے شہباز شریف کی نااہلی کیلئے اسپیکر پنجاب اسمبلی کو درخواست دے دی۔ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں شہباز شریف کے خلاف قرار داد بھی منظور کر لی گئی۔ دوسری جانب رانا ثنا اللہ نے چیلنج کیا کہ راجا ریاض اگر اصغر خان کیس کا فیصلہ پڑھ دیں تو منہ مانگا انعام دیں گے۔
پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کا پنجاب اسمبلی میں راجہ ریاض کی زیر صدارت اجلاس ہوا ۔اجلاس میں اصغر خان کیس کے فیصلے کے حوالے سے وزیر اعلی شہباز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کے خلاف قرار داد منظور کر لی گئی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ اصغر خان کیس کے فیصلے کے بعد شہباز شریف آئینی طور پر متنازعہ ہو چکے ہیں اب وہ وزارت سے مستعفی ہو جائیں۔ اجلاس کے بعد شہباز شریف کی نااہلی کیلئے سپیکر اسمبلی کو درخواست دے دی گئی۔ اجلاس کے بعد راجہ ریاض نے پنجاب حکومت کے منصوبوں میں کرپشن کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ دوسری جانب وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ راجا ریاض بلا سوچے سمجھے بول کر بعد میں شرمندہ ہوتے ہیں۔ رانا ثنا اللہ نے تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔