شہر کے پوش علاقوں سے ملحقہ نواحی محلہ عارف آباد بنیادی شہری سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث مختلف مسائل کی آماجگاہ بن گیا ہے
Posted on January 14, 2013 By Zain Webmaster سٹی نیوز
منڈی بہاؤ الدین (محمدبلال احمد بٹ)شہر کے پوش علاقوں سے ملحقہ نواحی محلہ عارف آباد بنیادی شہری سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث مختلف مسائل کی آماجگاہ بن گیا ہے، سیوریج ، سڑکیں ، نالیاں اور صفائی کے ناقص انتظامات نے اہلیان علاقہ کا جینا حرام کر دیا ، نمازی بھی عاجز آگئے تفصیلات کے مطابق نواحی محلہ عارف آباد میں سوئی گیس پائپ بچھا کران کھڈوں کو بند کرنے کی بجائے اسکے حال پر چھوڑ دیا گیا ، اور اہل علاقہ نے اپنی مدد آپ کے تحت انہیں مٹی ڈال کر بند کیا۔
جسکی وجہ سے نالیوں کاپانی سڑک پر آگیا اور سڑک راہگیروں کیلئے دلدل میں تبدیل ہوگئی ، اور خصوصا ًنمازیوں کیلئے درد سر بن گئی ہے ، جبکہ علاقہ میں جگہ جگہ کوڑے کرکٹ اور گندگی کے ڈھیر لگے نظرآتے ہیں ، اور اطراف کی گلیوں میں نکاسی آب کیلئے کوئی منصوبہ بندی نہیں کی گئی۔
جس سے ہزاروں نفوس پرمشتمل آبادی کے مسائل میں اضافہ ہو گیا ہے ، جبکہ سڑک کی حالت خراب ہونے کی وجہ سے چک نمبر2 ، چک بساوہ ، آہدی ، ڈھوک کا سب سمیت درجنوں دیہات سے آنے والے طلبا سمیت راہگیروں کو شدید اذیت سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے ، جبکہ عارف آباد کے قریب واسو مائنر پر بنی پلی کا نصف سے زیادہ حصہ بھی نالے کا حصہ بن چکا ہے ، جہاں آئے روز حادثات معمول بن چکے ہیں۔