کراچی: (جیو ڈیسک) شہنشاہ غزل مہدی حسن طویل علالت کے باعث انتقال کرگئے، ان کی تدفین جمعہ کو کراچی میں نارتھ ناظم آباد کے بلاک این کے مہدی حسن پارک میں کی جائے گی۔مہدی حسن گزشتہ بارہ سال سے علیل تھے ، اور یہ علالت موسیقی سے ان کی دوری کا باعث بنی، وہ جگرپھیپھڑے اور دل کے امراض میں مبتلا رہے۔ انھیں علاج کے لئے کئی باراسپتال منتقل کیا گیا،ان کے انتقال کی خبر سن کر اسپتال اور ان کے گھر پر غم سے نڈھال پرستاروں کا تانتا بندھ گیا۔ مہدی حسن کے بیٹے عارف مہدی نے اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ والد پربارہ سال قبل فالج کا حملہ ہوا تھا اس کے بعد سے مسلسل طبیعت خراب رہی پندرہ دن قبل اسپتال میں دوبارہ داخل کیا گیا تھا۔ عارف مہدی نے بتایا کہ پانچ دن قبل طبیعت میں بہتری آئی تھی اور اہلخانہ سے بات کی تھی۔عارف مہدی نے کہا کہ والد کی تدفین نارتھ ناظم آباد بلاک این میں واقع مہدی حسن پارک میں کی جائے گی، خاندان کے کچھ افراد بیرون ملک ہیں جس کے باعث تدفین جمعہ کو ہوگی۔